Education is the key to a bright future: Dr. Muhammad Qutubuddin’s encouraging message to the students of Narayanpet
(اپنا ورنگل)
نارائن پیٹ :
معروف ماہرِ نفسیات شکاگو، امریکہ ڈاکٹر محمد قطب الدین نے نارائن پیٹ کا دورہ کیا۔ اس موقع پر وہ ٹاؤن کے ماڈرن ہائی اسکول میں منعقدہ یومِ جمہوریہ کی تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئے اور پرچم کشائی انجام دی۔ اپنے خطاب میں انہوں نے طلبہ کو تعلیم کی اصل اہمیت سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ نوجوان طلبہ ہی قوم کا روشن مستقبل ہیں، اور معیاری تعلیم کے ذریعے ہی ذہنی بیداری، خود اعتمادی اور کامیابی کی راہیں ہموار ہوتی ہیں۔
ڈاکٹر محمد قطب الدین نے طلبہ کو تلقین کی کہ وہ دل جمعی سے تعلیم حاصل کریں، اپنے اساتذہ کی عزت کریں اور علم کو محض ڈگری نہیں بلکہ کردار سازی کا ذریعہ بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ اچھے اخلاق، نظم و ضبط اور مثبت سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے والے طلبہ نہ صرف اپنے والدین اور ادارے بلکہ اپنے ملک کا نام بھی روشن کرتے ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو حوصلہ دیتے ہوئے کہا کہ مستقل محنت، خود پر یقین اور واضح مقصد ہی کامیابی کی کنجی ہے۔
تقریب کی صدارت الحاج خلیل احمد تاج، صدر المکہ ایجوکیشن سوسائٹی نے کی۔ اس موقع پر طلبہ کی جانب سے تعلیمی و ثقافتی مظاہرہ پیش کیا گیا جسے حاضرین نے سراہا۔ ڈاکٹر محمد قطب الدین کے ہاتھوں نمایاں کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے، جس سے طلبہ کے حوصلے مزید بلند ہوئے۔پروگرام کی کارروائی عبدالقدیر سنڈکے نے بخوبی انجام دی۔ اس موقع پر محمد اعجاز، موظف پوسٹ ماسٹر، نظیر صوفی اور اسماعیل پٹیل بھی موجود تھے۔
بعد ازاں ڈاکٹر محمد قطب الدین نے نارائن پیٹ میں مختلف تعلیمی و سماجی پروگراموں میں شرکت کی، جہاں انہوں نے تعلیم کے ذریعے نوجوان نسل کو باخبر، باکردار اور بااختیار بنانے پر زور دیا۔
News Source : Mohd. Taqi

