District Hajj Society Karimnagar successfully organizes first Hajj training program
(اپنا ورنگل)
کریم نگر :
ضلع حج سوسائٹی کریم نگر کے زیر اہتمام پہلا حج تربیتی پروگرام الحاج محمد ریاض علی رضوی صدر ضلع حج سوسائٹی کریم نگر کی صدارت شالیمار فنکشن پیالس میں منعقد ہوا۔ جس میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے الحاج مولانا سید مظہر قاسمی صاحب نے خطاب کرتے ہوئے مناسک حج پر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے عازمین حج پر زور دیا کہ وہ مناسک حج کی ادائیگی پر خصوصی توجہ دیں۔
انہوں نے حج کے دوران پیش آنے والی مشکلات اور اس کے تدارک کو واضح کیا اور احرام باندھنے کے طریقہ سے متعلق عملی تربیت دی۔ مولانا خواجہ کلیم الدین اسدی نے آداب مدینہ منورہ اور سرکار کے روضہ مبارک پر حاضری دینے سے قبل عازمین پر زور دیا کہ وہ حقوق اللہ کے ساتھ ساتھ حقوق العباد کی ادائیگی کو ملحوظ رکھیں۔ محمد ریاض علی رضوی صدر حج سوسائٹی نے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ اس مرتبہ حج میں سعودی حکومت پکوان کی سہولت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
البتہ کیاٹرنگ کی سہولت فراہم کرنے کیلئے کوشاں ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ عازمین حج کو پہلی مرتبہ اسمارٹ واچس دینے کا سعودی حکومت نے فیصلہ کیا ہے تاکہ عازمین حج کی گمشدگی کا راستہ بھٹکنے کی صورت میں پتہ لگایا جاسکے۔ ریاض علی رضوی نے کہاکہ میڈیکل میں کامیاب عازمین حج کو ہی ویاکسن دیا جائے گا لہذا عازمین حج اپنی صحت پر خصوصی توجہ دیں۔
الحاج خواجہ مولانا علیم الدین نظامی، مولانا محمد عبد الحئی شعیب لطیفی،نے عازمین حج کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے امتہ مسلمہ، فلسطین، غزہ کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ساتھ ہندوستانی مسلمانوں بالخصوص ملک میں امن وامان ،ترقی وخوشحالی کے لئے دعاؤوں کی گذارش کی۔پروگرام کا آغاز حافظ محمد عبدالنافع کے قراءت کلام پاک سے ہوا۔
مسعود علی اکبر ، محمد عبد الرشید ریٹائرڈ لکچرار نے نعت پاک کا نذرانہ پیش کیا۔مسعود علی اکبر جنرل سیکریٹری نے پروگرام کی کاروائی انجام دی۔عظیم اللہ خان نائب صدر حج سوسائٹی، محمد فیاض علی رضوی آرگنائزنگ سیکریٹری حج سوسائٹی، محمد اکرم علی سیکریٹری شعبہ نشرواشاعت، محمد عبدالمقتدر مکرم خازن حج سوسائٹی کریمنگر،واجد خان ، میر احمد، کاشف علی و دیگروں نے عازمین کا استقبال کیا۔
News Source : Shaik Jameel Ahmed

