Demand for fixing the closing time of function halls in Nizamabad, videographers and photographers are facing severe difficulties
(اپنا ورنگل)
نظام آباد :
نظام آباد اربن مائناریٹیز ویڈیو اینڈ فوٹوگرافرز ویلفیئر اسوسی ایشن نے شہر میں واقع فنکشن ہالز اور گیسٹ ہاؤسز میں دیر رات تک جاری رہنے والی تقریبات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے اختتامی وقت مقرر کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسوسی ایشن کے نمائندوں نے بتایا کہ جہاں شہر کی تمام دوکانیں اور عوامی نقل و حرکت رات بارہ بجے کے بعد بند ہو جاتی ہے، وہیں شادی کی تقریبات صبح تک جاری رہتی ہیں، جس کے سبب فوٹوگرافرز اور ویڈیوگرافرز کو پوری رات بلا آرام خدمات انجام دینی پڑتی ہیں۔
مسلسل رات بھر کام کرنے سے جسمانی و ذہنی صحت متاثر ہو رہی ہے، جبکہ صبح کے وقت طویل اور تھکا دینے والا سفر بھی خطرناک ثابت ہوتا ہے، جس سے ان کی پیشہ ورانہ اور گھریلو ذمہ داریاں بری طرح متاثر ہو رہی ہیں۔ اسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ اختتامی وقت نہ ہونے کے باعث تقریبات بلا وجہ طویل کھینچتی رہتی ہیں اور تمام عملے پر غیر ضروری دباؤ پڑتا ہے۔ اسی کے پیش نظر اسوسی ایشن نے مؤدبانہ طور پر مطالبہ کیا ہے کہ نظام آباد کے تمام فنکشن ہالز کے لیے رات ایک بجے یا دو بجے تک کا اختتامی وقت مقرر کیا جائے تاکہ تقریبات بروقت مکمل ہوں اور کام کرنے والے افراد کی صحت اور سلامتی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اسوسی ایشن نے حکام سے اپیل کی ہے کہ اس مسئلے کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے فوری اقدامات کیے جائیں۔
News Source : Nadeem Ahmed

