Congress’s big victory in the Makthal local body elections, the people expressed full confidence
(اپنا ورنگل)
مکتھل :
مکتھل کے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کا باضابطہ اعلان کر دیا گیا ہے جس میں کانگریس نے نمایاں کامیابی حاصل کرتے ہوئے 12 حلقوں میں فتح درج کی اور بلدیہ میں واضح اکثریت حاصل کر لی۔ اس کے مقابلے میں بی جے پی کے صرف تین امیدوار کامیاب ہو سکے جبکہ بی آر یس کوئی نشست حاصل نہ کر سکی، جو سیاسی حلقوں میں خاصی اہم پیش رفت سمجھی جا رہی ہے۔
تلنگانہ کے وزیر ڈاکٹر واکٹی سری ہری نے نتائج کے اعلان کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے ایک مرتبہ پھر کانگریس پارٹی کی پالیسیوں اور خدمات پر اعتماد ظاہر کیا ہے۔ ان کے مطابق یہ کامیابی پارٹی کارکنوں کی محنت اور عوامی مسائنل کے حل کے عزم کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب ذمہ داریاں مزید بڑھ گئی ہیں اور بلدیہ کی سطح پر بنیادی سہولتوں، ترقیاتی کاموں اور عوامی فلاح کے اقدامات کو ترجیح دی جائے گی۔

کامیاب امیدواروں میں دو مسلم کانگریس نمائندے بھی شامل ہیں جن میں حلقہ نمبر 11 سے ناہدہ بیگم زوجہ منظور الہی اور حلقہ نمبر 12 سے عبدالرحیم پٹیل نے بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کی۔ ان کی کامیابی کو مقامی سطح پر عوامی اعتماد کی علامت قرار دیا جا رہا ہے۔عبدالرحیم پٹیل نے اپنی کامیابی پر ووٹروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے جس اعتماد کے ساتھ انہیں منتخب کیا ہے وہ اس پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیاتی سطح پر عوامی مسائل کے حل، بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور علاقے کی ترقی ان کی اولین ترجیح ہوگی۔سیاسی مبصرین کے مطابق اس انتخابی نتیجے سے مقامی سیاست میں کانگریس کی پوزیشن مزید مضبوط ہوئی ہے اور آنے والے دنوں میں بلدیاتی ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی متوقع ہے۔
News Source : Mohd. Mujeeb

