Congress delegation meets police on traffic discipline measures from Ahmadi Bazaar to Iqbal Minar ahead of Ramadan
![]()
(اپنا ورنگل)
نظام آباد :
ہر سال کی طرح اس سال بھی ماہِ رمضان المبارک کے پیش نظر شہر کے مصروف ترین تجارتی علاقے احمدی بازار تا اقبال مینار میں ٹریفک کی بحالی اور دیگر حفاظتی اقدامات کو یقینی بنانے کے لیے سینئر کانگریس پارٹی قائدین اور نو منتخب کارپوریٹرس کے ایک وفد نے آج ٹو ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں اے سی پی ٹریفک محمد مستان علی اور ٹو ٹاؤن ایس ایچ او محمد مجاہد سے ملاقات کی۔
وفد میں سابق ڈپٹی میئر ایم اے فہیم، سینئر کارپوریٹر ایم اے قدوس، سابق کوآپشن ممبر اشفاق احمد خان اور نو منتخب کارپوریٹرس و نمائندہ کارپوریٹرس عبود بن ہمدان، نعیم شہران، سجاد راحیل کے علاوہ محمد عبدالسمیع، شبیر رضا، عبدالقیوم، شیخ ظفر اور دیگر شامل تھے۔اس موقع پر قائدین نے اے سی پی ٹریفک کو بتایا کہ رمضان المبارک کے دوران شہر اور اطراف کے علاقوں سے بڑی تعداد میں لوگ احمدی بازار تا اقبال مینار خریداری کے لیے آتے ہیں، بالخصوص خواتین کی بڑی تعداد یہاں خریداری کرتی ہے۔
اس مصروف ترین تجارتی علاقے میں رش کے باعث ٹریفک کی شدید مشکلات پیش آتی ہیں جبکہ بعض اوقات سرقہ کی وارداتوں کی اطلاعات بھی سامنے آتی ہیں۔ اس لیے ٹریفک کے مؤثر نظم و ضبط اور حفاظتی اقدامات ناگزیر ہیں۔بعد ازاں اے سی پی ٹریفک محمد مستان علی اور ٹو ٹاؤن ایس ایچ او محمد مجاہد نے کانگریس قائدین کے ہمراہ احمدی بازار تا اقبال مینار تجارتی علاقے کا دورہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ دو دن بعد بروز ہفتہ اس علاقے میں خصوصی ٹریفک انتظامات نافذ کیے جائیں گے۔
اس کے تحت اقبال مینار اور احمدی بازار میں گولڈن بیکری کے قریب پولیس بریگیڈز تعینات کیے جائیں گے جبکہ گولڈن بیکری سے اقبال مینار تک آٹو رکشہ کے داخلے پر سخت پابندی عائد کی جائے گی۔ ساتھ ہی سرقہ کی وارداتوں کو روکنے کے لیے پولیس کی جانب سے خصوصی نگرانی بھی رکھی جائے گی۔
اس موقع پر کانگریس قائدین اور ڈیویژن 58 کے کارپوریٹر عبود بن ہمدان نے احمدی بازار تا اقبال مینار کے تاجروں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے اپنے تجارتی مراکز کے سامنے والنٹیرس تعینات کریں اور کسی بھی مشتبہ یا غیر قانونی سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر پولیس کو دیں، تاکہ ماہِ رمضان المبارک کے دوران اس مصروف تجارتی علاقے میں امن و امان اور ٹریفک نظم و ضبط برقرار رکھا جا سکے۔
News Source : Nadeem Ahmed

