.Chandrababu Naidu’s new feat — I am the one who made Hyderabadi Biryani a global dish
سوشل میڈیا کا فیصلہ: نائیڈو تاریخ نہیں، کامیڈی لک رہے ہیں
(اپنا ورنگل)
آندھرا پردیش کے چیف منسٹر چندرابابو نائیڈو ایک بار پھر اپنے متنازع بیانات کی وجہ سے سرخیوں میں آگئے ہیں۔ انہوں نے حیدرآباد کی ترقی کا مکمل کریڈٹ خود کو دیتے ہوئے کئی ایسے دعوے کئے جن پر سوشل میڈیا صارفین نے طنز اور تنقید کے تیر برسا دیے۔چندرابابو نائیڈو نے منگل کو وجئے واڑہ میں منعقدہ "یومِ اقلیتی بہبود” تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کو آج جس ترقی یافتہ شہر کے طور پر دیکھا جاتا ہے، وہ دراصل ان کی دوراندیشی اور منصوبہ بندی کا نتیجہ ہے۔
ان کے مطابق، "پرانے شہر کے قریب انٹرنیشنل ایئرپورٹ میری کاوشوں سے تعمیر ہوا، آؤٹر رنگ روڈ میرا خواب تھا، اور میری ہی معاشی پالیسیوں سے حیدرآباد کے مسلمان کروڑ پتی بنے۔”انہوں نے یہاں تک کہا کہ حیدرآبادی بریانی کو عالمی سطح پر مشہور کرنے اور پرانے شہر کے موتیوں کی تجارت کو فروغ دینے میں بھی ان کا کردار رہا ہے تاکہ دیگر علاقوں کے لوگ یہاں آ کر خریداری کریں۔چندرابابو کے ان بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر طنز و مزاح کا سلسلہ شروع ہوگیا۔
صارفین نے سوال اٹھایا کہ "پرانے شہر کے قریب ایئرپورٹ کب تعمیر ہوا؟” اور "نظام کے دور سے مشہور بریانی کو چندرابابو نے کیسے عالمی بنا دیا؟”کئی صارفین نے یہ بھی کہا کہ وزیرِاعلیٰ صدیوں پُرانی حیدرآباد کی تاریخی و تہذیبی عظمت کو خود سے منسوب کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، جو مضحکہ خیز ہے۔ بعض نے طنزیہ تبصرہ کیا کہ اگر نائیڈو اسی طرح کے بیانات دیتے رہے تو جلد ان کی ذہنی کیفیت پر بھی سوالات اٹھنے لگیں گے۔
News Source : Agency

