بی آر ایس قائدین کا کانگریس حکومت پر شدید حملہ، “ہائیڈرا” کو ریونت ریڈی کی نجی ایجنسی قرار دیا.

Brs leaders strong attack on the congress government calling hydra revanth reddys private agency

(اپنا ورنگل)

حیدرآباد :

بی آر ایس کے قائدین نے کانگریس حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ ہائیڈرا کسی سرکاری ایجنسی کی طرح نہیں بلکہ ریونت ریڈی کی ذاتی ایجنسی کے طور پر کام کررہی ہے۔

قائدین نے کہا کہ ہائیڈرا صرف غریب عوام کے مکانات پر بلڈوزر چلا رہی ہے، جب کہ موسی ندی کے کنارے بڑے پیمانے پر ہونے والی غیرقانونی تعمیرات پر آنکھیں بند کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’بی آر ایس دورِ حکومت میں حیدرآباد میں جہاں دیکھو وہاں کے سی آر کے تعمیر کردہ ڈبل بیڈ روم مکانات نظر آتے تھے، لیکن اب ریونت ریڈی کے دور میں صرف انہی غریبوں کے مکانات کے ملبے نظر آ رہے ہیں جنہیں ہائیڈرا نے منہدم کیا ہے۔‘‘

بی آر ایس قائدین نے خبردار کیا کہ عوام میں کانگریس حکومت کے خلاف بغاوت کا جذبہ بڑھ رہا ہے اور دن دور نہیں جب عوام اس ظالمانہ حکومت کو اقتدار سے بے دخل کردیں گے۔



قائدِ حزبِ اختلاف قانون ساز کونسل مدھو سودنا چاری، سابق وزراء جگدیش ریڈی، وی سرینواس گوڑ، ارکان اسمبلی کے پی ویویک آنند، مادھورم کرشنا راؤ، سونیتا لکشما ریڈی، مانک راؤ، ایم ایل سی شمبھپور راجو اور دیگر بی آر ایس قائدین نے گاجولارامارم میں ہائیڈرا کی جانب سے منہدم کیے گئے غریب عوام کے مکانات کا معائنہ کرتے ہوئے شدید احتجاج درج کرایا۔

اسی دوران نارسنگی میں سابق وزراء سبیتا اندرا ریڈی، دیوی ریڈی سدھیر ریڈی، بنداری لکشما ریڈی، مرری راجیشیکھر ریڈی، ایم ایل سی نوین کمار، سابق رکن اسمبلی پائلٹ روہت ریڈی اور دیگر بی آر ایس قائدین نے موسی بفر زون میں سری آدتیہ کنسٹرکشن کی جانب سے جاری غیرقانونی تعمیرات کا معائنہ کیا اور حکومت کی خاموشی پر سخت برہمی کا اظہار کیا۔

بی آر ایس قائدین نے مطالبہ کیا کہ کانگریس حکومت فوری طور پر منتقمانہ انہدامات بند کرے، ریئل اسٹیٹ مافیا کے قبضوں پر کارروائی کرے، اور غریب عوام کے مکانات کا تحفظ یقینی بنائے۔

News Source : Agency