شیخ پیٹ میں خوف و ہراس کی فضا، کاروان ایم ایل اے کی تقریر پر عوام میں ناراضگی.

An atmosphere of fear and panic prevails in Sheikhpet, public anger over the speech of the Karwan MLA.

(اپنا ورنگل)

حیدرآباد:

جوبلی ہلز ضمنی انتخابات کی مہم کے دوران چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے شیخ پیٹ روڈ شو میں رکن اسمبلی کاروان کوثر محی الدین کی تقریر نے ٹولی چوکی، حکیم پیٹ اور اطراف کی کالونیوں میں خوف و ہراس کی فضا پیدا کردی۔ عوامی حلقوں میں اس تقریر کے بعد کانگریس امیدوار کے خلاف ناراضگی پائی جا رہی ہے۔شیخ پیٹ ڈویژن، جہاں اقلیتی ووٹوں کی اکثریت ہے اور کانگریس کو بھاری ووٹوں کی امید تھی، رکن اسمبلی کی تقریر کے بعد دباؤ اور بے چینی کا ماحول دیکھا جا رہا ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ کوثر محی الدین نے اپنی تقریر میں روڈ شو کے دوران مخالف پارٹی کارکنوں کو انتباہ دیا تھا، جس کے بعد سے پولیس کی جانب سے بی آر ایس کارکنوں اور ان کے اہل خانہ پر کارروائیوں اور ہراسانی کی شکایات موصول ہو رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق شیخ پیٹ کے حالات میں تبدیلی دیکھی جا رہی ہے۔ مقامی رائے دہندگان کھل کر کسی جماعت کے خلاف اظہار نہیں کر رہے، تاہم کہا جا رہا ہے کہ وہ انتخاب کے دن ووٹنگ کے دوران اپنی رائے اپنی مرضی سے استعمال کریں گے۔

عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر انتخابی کامیابی سے قبل ہی دھمکی آمیز بیانات دیے جا رہے ہیں تو کامیابی کے بعد طرزِ عمل کیا ہوگا؟سیاسی مبصرین کے مطابق شیخ پیٹ ڈویژن میں مسلم ووٹوں کی اکثریت ہونے کے سبب یہ علاقہ جوبلی ہلز حلقہ اسمبلی میں کلیدی اہمیت رکھتا ہے۔ تعلیم یافتہ اور باشعور ووٹرز کی موجودگی کے باعث یہ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ عوام خوف کے ماحول کے بجائے اپنی سمجھ بوجھ سے فیصلہ کریں گے۔

News Source : Agency