A horrific lorry accident occurred at the intersection of Warangal MGM Hospital.
ورنگل- 15/ ستمبر
(اپنا ورنگل)
نشے میں دھت لاری ڈرائیور کی لاپرواہی کی وجہ سے لاری گورنمنٹ ویٹرنری ہسپتال کی دیوار سے ٹکرا گئی۔ ورنگل ایم جی ایم ہاسپٹل کے چوراہے پر آج بروز پیر صبح تقریبآ ساڑھے نو بجے ایک بے قابو لاری نے سڑک پر خوف و ہراس پھیلا دیا۔ لاری ڈرائیور شراب کے نشے میں دھت تھا اور اس کی لاپرواہی کی وجہ سے لاری ڈیوائیڈر سے ٹکرا کر مخالف سمت میں جاکر گورنمنٹ ویٹرنری ہسپتال کی دیوار سے جاکر ٹکرا گئی۔ تفصیلات کے مطابق یہ لاری مہاراشٹرا سے آندھرا پردیش جاتے ہوے یہ حادثہ پیش آیا۔ حادثہ کے وقت لاری کو آٹو نگر سے ایم جی ایم ہاسپٹل کے چوراہے پر بائیں جانب مڑنا تھا لیکن نشے میں دھت ڈرائیور نے غلط موڑ لے لیا جس کی وجہ سے یہ حادثہ پیش آیا۔ حادثے میں ایک چھوٹے تاجر کی دکان مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ خوش قسمتی سے اسی وقت ایم جی ایم کے سامنے ہنمکنڈہ جانے والی گاڑیاں ریڈ سگنل ہونے کی وجہ سے سگنل پر رکی ہوئی تھیں جس کی وجہ سے بڑا حادثہ ہونے سے بچ گیا۔ ورنگل ٹرافک پولیس کی انچارج سی آئی سجاتا نے بتایا کہ لاری ڈرائیور مکمل طور پر شراب کے نشے میں دھت تھا۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوے بھاری کرین کی مدد سے لاری کو سڑک سے ہٹایا اور ٹرافک کو معمول پر لے آئے۔ مزید تحقیقات کیلئے لاری ڈرائیور اور لاری کو مٹھواڑہ پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے کہا ہے کہ شراب نوشی کی وجہ سے حادثہ ہوا اور ڈرائیور کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ حکام نے ڈرائیونگ کے دوران احتیاط کا خصوصی خیال رکھنے کی ہدایت دی.
News Source : Mohd. Munwaruddin

