The first inter-school “Tafheem ul Islam” quiz was successfully held in Zaheerabad
(اپنا ورنگل)
ظہیرآباد :
جمیع علماء کرام و حفاظ عظام ظہیرآباد کے زیر اہتمام پہلا بین المکاتب مسابقہ “تفہیمِ اسلام (کوئز)” اور تقسیمِ انعامات و اسنادات کا عظیم الشان اجلاس کامیابی کے ساتھ منعقد ہوا۔ پروگرام کی نگرانی مفتی محمد سراج احمد قاسمی و مفتی معین احمد قاسمی نے کی، جبکہ نظامت کے فرائض مفتی محمد خلیل احمد قاسمی نے انجام دیے۔اجلاس کا آغاز دارالقرآن کے طالب علم محمد ایان کی تلاوت سے ہوا اور حافظ سجاد خیری نے نعتِ رسولؐ پیش کی۔ ممتاز علماء کرام مولانا فاروق قاسمی، مولانا عبدالمجیب قاسمی، مولانا عتیق احمد قاسمی، مفتی نذیر احمد حسامی، اور مفتی عبدالصبور قاسمی نے دینی تعلیم، اسلامی شعور اور معاشرتی اصلاح پر روشنی ڈالی۔
مہمانِ خصوصی سماجی رہنما پیر صابر خلیق نے علماء اور مکاتب کے کردار کو سراہتے ہوئے مفتی عبدالصبور قاسمی کو ریاستی سطح پر “اصلاحِ معاشرہ” کے نائب صدر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔اس مقابلے میں ظہیرآباد کے دس مکاتب کے 170 سے زائد طلبہ و طالبات نے حصہ لیا۔ نمایاں طلبہ کو نقد انعامات، اسناد، مومنٹوز اور گولڈ و سلور میڈلز سے نوازا گیا۔ تقریب میں تقریباً 70 مرد حضرات اور 350 سے زائد خواتین نے شرکت کی، جو عوام میں دینی شعور اور مکاتب کے ساتھ وابستگی کا مظہر ہے۔
مولانا فاروق احمد قاسمی نے ملک و ملت کی سلامتی، مدارس و مکاتب کی ترقی، اور طلبہ کی کامیابی کی دعا فرمائی۔ آخر میں مفتی محمد خلیل احمد قاسمی نے تمام معاونین، اساتذہ اور محبینِ دین کا شکریہ ادا کیا۔پروگرام کے اختتام پر جمیع علماء و حفاظ ظہیرآباد کی جانب سے تمام خیرخواہوں کے لیے خصوصی دعائے خیر کی گئی۔
News Source : Nadeem Ahmed

